ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وزیر اعظم مودی کے گؤ رکشا والے بیان پر اویسی نے کہا: قول کو عمل میں تبدیل کریں مودی

وزیر اعظم مودی کے گؤ رکشا والے بیان پر اویسی نے کہا: قول کو عمل میں تبدیل کریں مودی

Tue, 09 Aug 2016 11:13:48    S.O. News Service

 

حیدرآباد،8؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے ائی ایم آئی ایم )کے سربراہ اور ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ انہیں گؤ رکشا پر اپنے بیانات کو عملی طور پرثابت کرنا چاہیے ۔اویسی نے اس معاملے پر وزیر اعظم کے بیان میں تاخیر پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ صرف چند الفاظ کافی نہیں ہوں گے، مودی کو دلتوں اور مسلمانوں کے دلوں سے عدم تحفظ کے احساس کو ختم کرنا ہو گا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نے ہفتہ کو گؤ رکشکو ں کی جانب سے دلتوں اور مسلمانوں کے خلاف کی گئی کاروائی پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ سماج دشمن عناصر گؤ رکشکو ں کا ماسک لگائے ہوئے ہیں۔اویسی نے کہا کہ ان واقعات سے متعلق تمام گورکشک دل سنگھ پریوار سے وابستہ ہیں، وزیر اعظم کوان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ کیا یہ محض چند الفاظ ہیں، وزیر اعظم کو ریاستوں میں اپنے ہی لوگوں، اپنی ہی پارٹی اوربی جے پی حکومتوں پر لگام لگانی ہوگی۔اویسی نے یہ بھی کہا کہ مودی کو 2014میں انتخابی مہم کے دوران سرخ انقلاب کے بارے میں کی گئی اپنی تقریروں پر دوبارہ غور کرنا چاہیے ۔اویسی نے وزیر اعظم سے پوچھا کہ انہیں اس معاملے پر بولنے میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی ؟۔اویسی نے کہاکہ جب دادری میں اخلاق کو مارا گیا، وزیر اعظم نے کچھ نہیں کہا۔جھارکھنڈ میں دومسلمانوں کو پھانسی دینے کے واقعہ پر بھی وہ خاموش رہے، جموں کے ایک ٹرک ڈرائیور کی موت کی خبر پر بھی وزیر اعظم چپ رہے۔اویسی نے کہا کہ گجرات کے او نا میں دلتوں کی پٹائی کا ویڈیو ملک کے گھر گھر تک پہنچ گیا ہے، اس لیے وزیراعظم کومجبوراََبولنا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام واقعات ان ریاستوں میں ہوئے ہیں جہاں بی جے پی اقتدار میں ہے یا تنظیمی طور پر مضبوط ہے۔


Share: